نوئیڈا4اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) گریٹر نوئیڈا کے شاردا یونیورسٹی میں گزشتہ پیر کو ہندوستانی اور افغان طلبا کے درمیان ہوئے باہمی تنازعہ کو لے کر جمعرات سینکڑوں کی تعداد میں مقامی طلبا نے یونیورسٹی کیمپس میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایس ڈی ایم صدر اور گریٹر نوئیڈا اعلیٰ پولیس حکام بھاری پولیس فورس کے ساتھ شاردا یونیورسٹی پہنچے۔ کالج انتظامیہ نے معاملے کی جانچ کے لئے تین رکنی ٹیم بنائی ہے۔ طالب علموں کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے تین دن تک کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس پی (دیہی) ونیت جیسوال نے بتایا کہ گزشتہ پیر کو شاردا یونیورسٹی میں پڑھنے والے افغانستان کے طالب علموں اور مقامی طالب علموں کے درمیان کرکٹ میچ کو لے کر تنازعہ ہوا تھا۔ واقعہ میں کئی ہندوستانی طالب علموں کو چوٹ آئی۔ تمام بی بی اے فرسٹ ایئر کے طالب علم ہیں۔ایس پی نے بتایا کہ دونوں فریقین میں ہوئے جھگڑے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کالج انتظامیہ نے افغانستان کے ایک طالب علم کا پیر کے روز اخراج کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کالج کی ایک کمیٹی نے کی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر افغانستان کے دو دیگر طالب علموں کا بھی بدھ کو اخراج کر دیا گیا اور 10 طالب علموں کو وجہ بتاو نوٹس بھیجا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ افغانی طالب علموں کے خلاف کارروائی کی مانگ کو لے کر جمعرات بھارتی طالب علموں نے کالج کے کیمپس میں ہنگامہ کیا۔ اس کے بعد موقع پر ایس ڈی ایم صدر، گریٹر نوئیڈا اعلیٰ پولیس حکام اور کئی تھانوں کی پولیس بھیجی گئی۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس افسر طالب علموں سے گفت وشنید کرکے حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔